بابا مجھ کو ڈر لگتا ہے۔۔۔

by Waqar Arshad

بابا میری مس کہتی ہیں
کل سے سب بچوں کو اپنے
گھر رہنا ہے۔۔ گھر پڑھنا ہے
میں نے سنا ہے
ایک بڑے سے کالی مونچھوں والے “انکل”
بم باندھ کر آَئیں گے
سب بچے مر جائیں گے
بابا کیوں ماریں گے ہم کو؟
ہم سے کوئی بھول ہوئی ہے کیا؟
ہم سے کیوں ناراض ہیں “انکل”؟
بابا اُن کو گڑیا دے دوں؟
یا پھر میرے رنگوں والی۔۔ یاد ہے نہ وہ نیلی ڈبیا
میری پچھلی سالگرہ پر مجھ کو آپ نے لا کر دی تھی
اور میری وہ پیاری پونی
لال رنگ کی، تتلی والی
وہ بھی دے دوں؟
وہ بھی دے دوں؟
پھر تو نہیں ماریں گے مجھ کو؟
یاد بابا ایک دفعہ جب
مجھ کو ہاتھ پہ چوٹ لگی تھی
بہت ذیادہ درد ہوا تھا
تھوڑا سا خون بھی نکلا تھا
بہت ذیادہ روئی تھی میں
کیا یہ بم بڑا ہوتا ہے؟
بہت ذیادہ چوٹ لگے گی؟
درد بھی شاید ذیادہ ہو گا
بابا مجھ کو ڈر لگتا ہے

Credit goes to Roshnipk.com, facebook.com/roshnipkdotcom
Read in English

Advertisements